728x90 AdSpace


  • Latest News

    Wednesday, 6 April 2016

    سستی، سرسبز و رنگین، مفید اور ہماری صحت کی ضامن سبزیاں

    سبزیوں کا استعمال ہماری صحت کا ضامن ہے۔ سبزیوں کا استعمال کرنے والے لوگ گوشت خوروں کی نسبت طویل عمر پاتے ہیں اور وہ کئی امراض سے بھی بچے رہتے ہیں۔ ہمیں اپنی روز مرہ کی زندگی میں سبزیوں کا استعمال بڑھانا چاہئے تاکہ ہم خود اور اپنے خاندان کو صحت مند اور توانا رکھ سکیں۔

    سبزیوں کو ہمیشہ کم پکانا چاہیے تاکہ اس میں موجود اجزاء کا ہمیں بھرپور فائدہ ہو۔ سبزیوں کے استعمال سے ہم میں پانی کی کمی بھی پوری ہو جاتی ہے کیونکہ سبزیوں میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ بہت سی سبزیاں ایسی ہیں جن کا ہم چھلکا اتار دیتے ہیں جب کہ ان کے چھلکے میں غذائیت بخش اجزاء کا خزانہ ہوتا ہے اس لئے ہمیں ان سبزیوں کو چھلکے سمیت پکانا چاہئے۔

    آپ نے اکثر دیکھا ہو گا کہ دکان دار حضرات سبزیوں پر پانی چھڑک دیتے ہیں اس سے سبزیوں کی تازگی برقرار رہتی ہے آپ بھی جب سبزی کو رکھیں تواس پر پانی کا چھڑکاؤ کر دیں۔ اور اگر پانی میں تھوڑا سا سرکہ ملا کر چھڑکا جائے تو سبزیوں کو زیادہ دیر تک تازہ رکھا جا سکتا ہے۔ سبزیاں ہمیشہ تازہ ہی استعمال کرنی چاہئیں گلی سڑی سبزیوں سے اجتناب کرنا چاہیئے کیونکہ یہ صحت کی بجائے آپ کو بیمار کر سکتی ہیں۔ سبزیوں سے ہمیں مختلف وٹامنز، لحمیات،پروٹین اور آئرن ملتا ہے جس کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔
     
    مولی:
    اب ہم ذکر کرتے ہیں کہ کون سی سبزی سے ہمیں کیا فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ سب سے پہلے مولی کو لیتے ہیں اس کو ہم سلاد کے طور پر ہی استعمال کرتے ہیں لیکن کچھ لوگ اس کا سالن بھی بناتے ہیں۔مولی پیشاب کی رکاوٹ دور کرتی ہے۔اس کے علاوہ مولی قبض اور بواسیر میں کھانا مفید ہے۔ ہمارے جسم سے فاسد مادوں کے اخراج کے علاوہ گردے اور مثانے کی پتھری میں فائدہ مند ہے۔ مولی خون صاف کرتی ہے اور اس کے علاوہ جگر اور معدے کے امراض میں مفید ہے مولی بلغم کے اخراج اور کھانوں کو ہضم کرنے میں مددگار ہے۔ کھانسی، نزلہ اور زکام میں مولی کھانا فائدہ مند رہتا ہے۔ اس لئے ہمیں مولی کو اپنے کھانوں کے ساتھ سلاد کے طور پر استعمال کرنا چاہیئے۔

    چقندر:
    سلاد کے طور پر استعمال ہونے والی دوسری سبزی چقندر ہے موٹے لوگ اس کو ضرور استعمال کریں کیونکہ اس کے کھانے سے جسم میں موجود چربی تحلیل ہوتی ہے۔ جسم سے خون کی کمی کو دور کرتا ہے اور جلد کو صاف اور چمکدار بناتا ہے۔ بخار کی حالت میں چقندر کا جوس پینا مفید ہوتا ہے۔ یہ ہماری دماغی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے۔ چقندر ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں ہماری مدد کرتا ہے اس کے علاوہ چقندر ہماری ہڈیوں، ناخنوں اور جوڑوں کے دردوں میں فائدہ مند ہے۔

    گاجر:
    سلاد کے طور پر استعمال ہونے والی تیسری سبزی گاجر ہے۔ گاجر کے کھانے کے بھی بہت فوائد ہیں جن میں ایک فائدہ یہ ہے کہ گاجر کھانے سے ہماری بینائی تیز ہوتی ہے کیونکہ اس میں وٹامن اے پایا جاتا ہے۔ گاجر جگر اور دماغ کو طاقت دیتی ہے اور آنتوں کی سوزش سے محفوظ رکھتی ہے۔ قبض کشا ہے اور مردوں کے لئے مفید ہے۔ گاجر ہماری ہڈیوں، ناخنوں اور جوڑوں کے دردوں میں فائدہ مند ہے کیونکہ اس میں وٹامن اے کافی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ گاجر قبض کشا ہے اور رنگ کو نکھارتی ہے۔

    ٹماٹر:
    ٹماٹر بھی سلاد کے طور پر کھایا جاتا ہے اور اس کو کھانے بنانے میں بھی ذائقہ کے طور پر شامل کیا جاتا ہے۔ ٹماٹر بھوک بڑھاتا ہے اور کھانے کو ہضم کرتا ہے۔ ٹماٹر ہمارے جسم میں خون پیدا کرتا ہے خون کی خشکی دور کرتا ہے اور خون کو صاف کرتا ہے۔ ٹماٹر معدے کے لئے مفید ہے مردوں کی قوت باہ میں اضافہ کرتا ہے۔ گردوں سے زہریلا پن کو ختم کرتا ہے۔ ٹماٹر بواسیر اور تلی کے امراض میں مفید ہے اس کے علاوہ شوگر کے مریض اس کا استعمال کریں کیونکہ یہ پیشاب میں موجود شوگر کو کنڑول کرتا ہے۔ مریض اور کمزور خواتین و حضرات اس کا استعمال ضرور کریں کیونکہ یہ آپ کے جسم کو طاقت دیتا ہے۔ٹماٹر کھانے سے دانت مضبوط رہتے ہیں۔

    پیاز:
    اب سلاد اور کھانوں کو مزیدار بنانے والی سبزی پیاز کا ذکر کرتا ہوں پیاز کھانے سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح نارمل رہتی ہے۔ پیاز کے استعمال سے دل کے امراض سے محفوظ ریا جا سکتا ہے۔ پیاز کھانے سے کینسر جیسے موذی مرض سے بچاؤ ممکن ہے دمہ کے مریضوں کو کچی پیاز کا استعمال کرنا چاہیئے ۔پیاز کا روزانہ استعمال آپ کو شوگر جیسے مرض سے بچاتا ہے۔موسمی بیماریوں اور موسمی تبدیلیوں پر کچی پیاز کا استعمال کریں۔گرمیوں میں پیاز کا استعمال ہمیں گرمی اور لو سے محفوظ رکھتا ہے اور یہ ہیضہ سے بچاؤ کا بہترین ذریعہ ہے۔

    پالک:
    اب میں یہاں پالک کے بارے میں کچھ مفید باتیں آپ سے شئیر کروں گا پالک کا جوس اگر گاجر میں ملا کر پیا جائے تو یہ صحت کے لئے مفید ہوتا ہے اور رنگ بھی نکھر جاتا ہے۔ ایسے مریض جن میں فولاد کی کمی ہو وہ پالک کا استعمال کریں کیونکہ پالک میں فولاد موجود ہوتا ہے۔پالک ہڈیوں کی نشو و نما میں فائدہ مند ہے اس کے علاوہ شوگر اور کینسر سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔ پالک پٹھوں کو مضبوط بناتی ہے اور بینائی کی کمزوری میں مفید ہے۔پرانی سے پرانی قبض میں مفید ہے جلد کو نکھارتی ہے اور بلڈ پریشر کو نارمل رکھتی ہے۔

    آلو:
    آلو کا یہاں ذکر نہ کیا جائے تو زیادتی ہوگی آلو ہر عمر کے افراد کی پسندیدہ سبزیوں میں سے ایک سبزی ہے ۔کمزور اور لاغر لوگوں کو آلو کا استعمال کرنا چاہیے آلو معدے کے ورم اور تیزابیت کو ختم کرتا ہے آلو پیشاب آور ہے اور یورک ایسڈ کو خارج کرتا ہے اس کے علاوہ آلو جوڑوں اور پٹھوں کے دردوں میں کھانا فائدہ مند ہے۔

    بھنڈی:
    بھنڈی کے استعمال سے زیادہ تر مردوں کو فائدہ ہوتا ہے کیونکہ یہ مردوں کے مخصوص امراض احتلام اور جریان میں مفید ہے اس کے علاوہ پیشاب کی جلن کو دور کرتی ہے۔آنتوں کے مرض اور سوزاک میں بھی بھنڈی کا استعمال فائدہ مند ہوتا ہے۔حاملہ خواتین بھی اس کا استعمال کر سکتی ہیں کیونکہ اس میں فولیٹ پایا جاتا ہے۔بھنڈی سے جلد بہتر ہوتی ہے اس کے علاوہ بھنڈی کے استعمال سے زکام سے بھی بچے رہتے ہیں۔ پیچش کی صورت میں بھنڈی کا استعمال مفید ہے۔یہ آنکھوں کی روشنی کو تیز کرتی ہے۔

    کریلا:
    کریلا بھی بہت اہمیت کا حامل ہے یہ بخار کم کرنے میں مدد گار ہے ذیابیطس کے مریضوں کو کریلے کا استعمال ضرور کرنا چاہیے ان کے لئے فائدہ مند ہے۔ کیونکہ کریلا پیشاب اور خون سے شوگر کی مقدار کو کم کرتا ہے۔ کریلے کے استعمال سے پیٹ کے کیڑوں سے نجات مل جاتی ہے۔یرقان کے مریضوں کو کریلے کا استعمال کروایا جا سکتا ہے۔ کریلے کھانے سے موذی مرض جذام سے بچا جا سکتا ہے۔کریلے کھانے سے پھوڑے پھنسیوں سے آرام ملتا ہے۔ کریلا آنکھوں کے امراض اور ہائی بلڈ پریشر میں مفید ہے۔اس کے علاوہ کریلا خشک و تر خارش میں کھانا فائدہ مند ہوتا ہے۔

    بینگن:
    بینگن بھی دل کے امراض سے محفوظ اور آئرن کی کمی کو دور کرتا ہے۔خون کو صاف کرتا ہے اور دانتوں کی تکالیف میں فائدہ مند ہے۔ دماغ اور معدہ کے لئے مفید ہے اور دمہ کے مریضوں کے لئے کھانا فائدہ مند ہے۔بینگن بھوک بڑھاتا ہے اور کولیسٹرول کی سطح کو نارمل رکھتا ہے۔السر کے مرض میں بھی بینگن کا استعمال فائدہ مند رہتا ہے۔

    قارئین آپ نے دیکھا کہ سبزیوں میں اﷲ تعالیٰ نے ہمارے لئے کیا کیا نعمتیں رکھی ہیں ان کے استعمال سے نہ صرف ہم صحت مند رہیں گے بلکہ طویل عمر بھی پائیں گے اور ہر قسم کے امراض سے محفوظ رہیں گے۔اگر آپ کو خود سے اوراپنوں کی صحت کا خیال ہے تو پھرتو آج سے آپ اپنے باورچی خانہ میں سبزی کا استعمال بڑھا دیں تاکہ آپ تندرست و توانا رہیں اور ڈاکٹر کی مہنگی فیسوں سے بھی بچے رہیں۔اس کے علاوہ ورزش کو بھی اپنی زندگی کا معمول بنائیں۔

    • Blogger Comments
    • Facebook Comments

    0 comments:

    Post a Comment

    Item Reviewed: سستی، سرسبز و رنگین، مفید اور ہماری صحت کی ضامن سبزیاں Rating: 5 Reviewed By: Unknown
    Scroll to Top